ہندوستانی عازمین حج کے لئے کووِڈکے 2 ٹیکے لازمی

 



 ایک بڑی پیشرفت میں حج کمیٹی آف انڈیا (ایچ سی آئی) نے کہا ہے کہ کووِڈکے 2 ٹیکے لینے تک کسی بھی ہندوستانی مسلمان کو حج کے لئے جانے نہیں دیا جائے گا۔ کمیٹی کے سی ای او مقصود احمد خان نے سعودی عرب کی وزارت ِ صحت اور ہندوستانی قونصل جنرل جدہ کی ہدایات پر جمعرات کے دن یہ اعلان کیا۔ انہوں نے حج 2021 کے لئے درخواست داخل کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ پہلا ٹیکہ اپنی طرف سے لے لیں تاکہ دوسرا ٹیکہ روانگی سے قبل دیا جاسکے۔ مقصود احمد خان نے واضح کیا کہ حج ہوگا یا نہیں اور عازمین کی تعداد کتنی ہوگی اس تعلق سے سعودی حکام نے تاحال کچھ بھی نہیں بتایا ہے۔ ہندوستانی عازمین کو اگر اجازت ملتی ہے تو پروازیں جون کے وسط میں شروع ہوجائیں گی۔ 2020 میں ہندوستانی عازمین ‘ کورونا وباءکی وجہ سے حج پر نہیں جاسکے تھے۔ جاریہ سال ملک میں کووِڈکی دوسری اور کہیں زیادہ مہلک لہر آئی ہوئی ہے۔