جئے پور کے ایک ہاسپٹل سے کوویکسین کی 320 خوراکوں کا سرقہ

 


 کورونا وائرس انفیکشن کے تیز رفتار پھیلاؤ کے درمیان ایک خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق راجستھان کے دارالحکومت جئے پور میںاینٹی کووڈ ویکسین کے 320 خوراک کا سرقہ کرلیا گیا۔ یہ واقعہ جئے پور کے ایک ہاسپٹل میں پیش آیا جس کے بعد حکام نے ایک فوجداری مقدمہ درج کرلیا۔ بتایاگیا ہے کہ شاستری نگر میں واقع کنواٹیا گورنمنٹ ہاسپٹل سے بھارت بائیوٹیک کی تیار کردہ کورونا وائرس ویکسین کوویکسین کی 320 خوراکیں غائب ہوگئیں۔ ہاسپٹل حکام نے جئے پور چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر کو منگل کی رات سرقہ کے بارے میں اطلاع دی جس کے بعد چہارشنبہ کو ایک ایف آئی آر کا اندراج عمل میں آیا۔ جئے پور کے چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نروتم شرما نے پی ٹی آئی کو بتایاکہ اُنہیں کل رات ویکسین کے سرقہ کا پتہ چلا۔ اُنہیں اس پر تعجب ہوا۔ اِس سلسلہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اُنہوں نے بتایاکہ ویکسین کی خوراکوں کا شائد پیر کو ہی سرقہ کرلیا گیا تھا اورہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایل ہرش وردھن نے چہارشنبہ کو اِس سلسلہ میں پولیس میں مقدمہ درج کرایا۔ اُنہوںنے اِس معاملہ میں محکمہ جاتی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا ہے۔