بالی وڈ اداکارہ سوارا بھشکر بھی بھارتی کسانوں کے احتجاج میں شامل ہو گئیں

 

بالی وڈ اداکارہ سوارا بھشکر نے بھی بھارتی فلم انڈسٹری اور پنجاب کے مقامی اداکاروں کی طرح گزشتہ تین ہفتوں سے جاری کسانوں کے احتجاج میں شمولیت اختیار کر لی۔

بھارتی پنجاب کے گلوکار گپی گریوال نے حال ہی میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا تھا کہ کسانوں کے احتجاج کو بالی وڈ کی جانب سے سپورٹ نہیں کیا گیا۔

اب اداکارہ سوارا بھشکر نے سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر شیئر کیں جس میں وہ بھارتی حکومت کے نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج میں شریک خواتین کے ہمراہ بیٹھی ہیں۔

بالی وڈ اداکارہ نے اپنی تصاویر کے علاوہ احتجاج میں شریک دیگر افراد کی بھی بہت سی تصاویر شیئر کیں اور کیپشن میں لکھا کہ 'واپس اپنی جگہ آنے کی تصاویر'


بھارتی دارالحکومت نئی دلی کی سرحد پر بھارتی پنجاب اور ہریانہ سمیت دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کسان مودی سرکار کے نئے زرعی قوانین کے خلاف گزشتہ کئی روز سے احتجاج کر رہے ہیں کیونکہ انہیں خوف ہے کہ نئے زرعی قوانین کے ذریعے سے انہیں کارپوریٹ سیکٹر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ بھارتی اداکارہ سوارا بھشکر ویرے دی ویڈنگ، رس بھری، تنو ویڈز منو اور بھاگ بھینی بھاگ سمیت کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔